بریلی : رشتہ سے انکار پر سفاک نوجوان نے لڑکی کے والد کو ڈنڈے کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا، واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں اپنی بیٹی کا رشتہ نہ دینا بھی جرم بن گیا، شادی کرنے سے انکار پر ملزم نے لڑکی کے باپ کو بے دردی سے قتل کردیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں قتل کا خوفناک واقعہ پیش آیا ہے،28 سالہ شخص نے لڑکی کے والد کو اس بات پر تشدد کرکے مارڈالا کہ اس نے ملزم سے اپنی بیٹی کی شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے مقتول کی لاش اس کے گھر سے برآمد کرلی، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا، ملزم شری پال واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے پولیس افسران کا کہنا ہے کہ ملزم شری پال کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم تاحال فرار ہے لیکن ہم اسے جلد گرفتار کر لیں گے۔
اس سے قبل بھی بھارت میں دہلی کے علاقے سونیا وہار میں سروج نامی نوجوان نے رشتہ دینے سے انکار کرنے پر اپنی دوست کے والد 50 سالہ بجیندر سنگھ کو بہیمانہ تشدد کرکے قتل کردیا تھا تاہم بعد ازاں پولیس نے آلہ قتل برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا تھا۔