کراچی: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پرذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے، بھارت کی وجہ سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں، مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بابری مسجد کے فیصلے کے بعد بے چینی پائی جاتی ہے، بھارت میں مسلمانوں پر حملے ہو رہے ہیں، بھارت کی دیگر اقلیتیں بھی خطرے کا شکار ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کو آنکھیں نہیں چرانی چاہئیں، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پرذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے، معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی وجہ سے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔
بھارت خطے کے امن کو خطرے میں ڈال کرسپر پاور بننے کی کوشش کررہا ہے، عارف علوی
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کے امن کو خطرے میں ڈال کر سپر پاور بننے کی کوشش کر رہا ہے ، بابری مسجد کے فیصلے کو ہی دیکھ لیں مسلمانوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، کوئی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔