کراچی: ایف بی آر نے چھوٹے تاجروں کو فکسڈ ٹیکس اسکیم کے طریقہ کار سے تفصیل کرتے ہوئے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے آسان اندراج کی سہولت فراہم کردی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے "اسمال شاپ کیپرز فکسڈ ٹیکس اسکیم” سے متعلق آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
آر ٹی او حیدرآباد کے افسران نے گل سینٹر اور اس کے نواحی بازاروں کا دورہ کیا، جہاں تاجروں کو سہولت دینے کے لیے ایف بی آر کی جانب سے خصوصی انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا۔
ایف بی آر حکام نے چھوٹے تاجروں کو فکسڈ ٹیکس اسکیم کے طریقہ کار سے تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے آسان اندراج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ چھوٹے دکاندار اس اسکیم کے تحت معمولی فکسڈ ٹیکس کی شرح سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں : تاجروں کی فکسڈ ٹیکس اسکیم میں رجسٹریشن کیلئے موبائل ایپ تیار
ایف بی آر حکام نے واضح کیا کہ یہ فکسڈ ٹیکس اسکیم تاجروں کی سہولت کے لیے بنائی گئی ہے، اس کا مقصد سزا دینا نہیں۔
مقامی تاجروں اور دکانداروں نے ایف بی آر کی اس آگاہی مہم اور مثبت، سہولت کار طرزِ عمل کی تعریف کی۔
چیف کمشنر آر ٹی او حیدرآباد سجاد اکبر خان نے کہا کہ شہر کے دیگر تمام تجارتی مراکزمیں بھی یہ مہم جاری رکھی جائے گی۔ ٹیکس دہندگان کو مکالمے اور سہولت فراہم کر کے اعتماد میں لینا ہماری اولین ترجیح ہے۔


