قصور : ریحام خان نے قصور میں بدترین واقعے کا شکار بچوں اور انکے والدین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرم تو ثابت ہوگیا ہے جوڈیشل انکوائری کی کیا ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریحام خان حسین والا پہنچیں اور ویڈیو اسکینڈل کے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی، میڈیا سے بات چیت میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔ بچوں کے والدین کا دکھ سمجھنے کی ضرورت ہے۔
قصورویڈیو اسکینڈل پر رانا ثناءاللہ کے غیرسنجیدہ بیان پر ریحام خان نے کہا کہ صوبائی وزیر کو تو منہاج القرآن کا واقعہ بھی یاد نہیں، ایسے سیاست دانوں کو سر پر چڑھایا گیا۔
عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اعتراف جرم ہوگیا ، ویڈیوز موجود ہیں ، جوڈیشل انکوائری کی کیا ضرورت ہے۔
ریحام خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ قصور آنے کے بجائے ذمہ داروں کو سزا دیں،اس معاملے میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔