لاہور: ریلوے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حادثے کی شکار رحمان بابا ایکسپریس کی بوگی نمبر 9 میں خرابی موجود تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملتان میں حادثے سے قبل رحمان بابا ایکسپریس کو روہڑی کے قریب روک کر بوگی نمبر نو کو چیک کیا گیا تھا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کیا یہ خرابی دور کر دی گئی تھی یا ٹرین کو جان بوجھ کر خرابی کے ساتھ روانہ کر دیا گیا تھا۔
رحمان بابا ٹرین کو ملتان شیر شاہ کے قریب حادثہ آج صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے سے زوردار دھماکا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ملتان کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس میں 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔
ملتان کے قریب رحمان بابا ایکسپریس حادثے کا شکار، 5 افراد جاں بحق، 30 زخمی
ٹرین پٹری سے اترنے کا واقعہ شیر شاہ اسٹیشن کے پاس آؤٹر سگنل کے قریب پیش آیا ہے، حادثے میں پوری ٹرین پٹری سے اتر گئی ہے، اور کئی بوگیوں کے پہیے ٹرین سے الگ ہو گئے ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے آپریشن متاثر ہو گیا ہے، امدادی کاررائیوں کے لیے ملتان سے ریلیف ٹرین روانہ کی جا رہی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔


