مودی کومضبوط پیغام نہ دیا توایل اوسی پرجارحیت سے بازنہیں آئے گا، دفاع پاکستان modi
The news is by your side.

Advertisement

مودی کومضبوط پیغام نہ دیا توایل اوسی پرجارحیت سے بازنہیں آئے گا، دفاع پاکستان

لاہور: دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو مضبوط پیغام نہ دیا گیا تو وہ کنٹرول لائن پر آئے دن کی جارحیت سے باز نہیں آئے گا اس لیے حکومت، فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع پاکستان کا فریضہ انجام دیں۔

وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر جارحیت کے حوالے سے انڈیا کو اتحادی ملکوں کی آشیرباد حاصل ہے چنانچہ ہمارے حکمرانوں کو بھی آلو پیاز کی تجارت ختم کرکے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا چاہیے اور بھارتی دہشت گردی کو بین الاقوامی سطح پر بھرپوراندازسے اُٹھایا جانا چاہیے۔

حافظ عبد الرحمان مکی جو کہ جماعتہ الدعوۃ کے بھی مرکزی رہنما ہیں، ان کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے تحریکِ آزادی کشمیر نے بہت زیادہ قوت پکڑی ہے اور پورے کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے جب کہ چھوٹے چھوٹے بچے جذبہ حریت پسندی سے سرشار ہو کر بھارتی فوج پر پتھراؤ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیر میں آئے دن پُرامن کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ مودی سرکار کی اس بدترین دہشت گردی پر بھی دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل جیسے اداروں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں