لاہور:پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے،حکومت اور قوم کو ملکی اورعالمی سازشوں کا ادراک کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کے واقعات کہیں عالمی سازش کا حصہ تو نہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری کی شہادت اور اویس شاہ کا اغوا تشویش ناک ہے، امید ہے امجد صابری کے قاتلوں کو جلد بے نقاب کردیا جائے گا،لگتا ہے دہشت گر د تنظیمں بھار ت کے تابع ہوگئی ہیں دہشت گردوں کو اپنے مقاصد کے لیے پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔
رحمن ملک کا کہنا تھا کہ سازش کے تحت سندھ اور بلوچستان کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاک فوج کو قوم کی تائید اور حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے سیول میں منعقدہ نیو کلیئر سپلائر گروپ کے اجلاس کے معاملے پر کہا کہ بھارت کو این ایس جی کی رکنیت دینا قابل مذمت عمل ہوگا۔