اسلام آباد : وزارت مذہبی امورنے 4 کمپنیوں کی حج بکنگ پر پابندی لگا دی اور کہا کہ عوام ان چار کمپنیوں سے حج بکنگ نہ کرائیں، وزارت کمپنیوں سے حج بکنگ کرانے والوں کے نقصان کی ذمہ دار نہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے 4کمپنیوں کی حج بکنگ پرپابندی عائد کردی ، چاروں کمپنیوں کو جعلی کاغذات جمع کرانے پر بکنگ سے روکا گیا جبکہ کمپنیوں کو حال ہی میں آر ایل جاری کئے گئے تھے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق پابندی عائد کی جانے والی میں کراچی سے فاطمید ٹریول اوراےای جی ٹریول سروسر، بنوں سے قریشی ایئرسروسز اور کاروان مدینہ شامل ہیں۔
وزارت نے عوام کو ان کمپنیوں سے حج کی بکنگ کرانے سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ وزارت کمپنیوں سےحج بکنگ کرانےوالوں کےنقصان کی ذمہ دارنہ ہو گی۔
واضح رہے کہ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس (179,210)عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دو سو دس ( 59,210) افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔