اسلام آباد : مولانا فضل الرحمن، سمیع الحق اور سراج الحق نے جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاجی اجتماعات منعقد کرنے جب کہ علامہ طاہر اشرفی نے جمعہ کو یوم لبیک یا اقصیٰ منانے کا اعلان کردیا.
اس بات کا اعلان مذہبی جماعتوں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور تل ابیب سے امریکی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے کے ردعمل پر دیا.
سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا گو گزشتہ 15 سولہ سال سے عالم اسلام میں جنگ بھڑکانے کی کوششوں میں مگن ہے لیکن اس اعلان کے بعد زخم اور بھی گہرے کر دیئے ہیں.
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کسی تفریق کے بغیر بروز جمعہ ملک بھر میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت اور وحدت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے اور امریکا کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے.
امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور جے یو آئی کے سمیع الحق نے بھی جمعہ کو یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کیے جانے پر ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے.
دوسری جانب چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے جمعہ کو لبیک یا اقصیٰ کے عنوان سے یوم احتجاج منانے اور اگلے ہفتے اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے.
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سرکاری طور پر یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے حکامات دے دیئے ہیں جس کے بعد مسلم دنیا میں شدید ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے.