اسلام آباد : رینٹل پاور کرپشن کیس کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی اپیل پر راجہ پرویز اشرف سمیت آٹھ ملزمان کو جواب طلبی کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں راجہ پرویز اشرف کو رینٹل پاور کرپشن کیس میں بریت کیخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت نے راجہ پرویز اشرف ودیگر8ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا.
اپیل کی سماعت جسٹس عامر فاروق ،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کی، نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر بیرسٹر رضوان احمد عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے شواہد کے باوجود راجہ پرویزاشرف کو بری کیا،تمام ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، راجہ پرویز اشرف کی بریت خلاف قانون ہے، لہٰذا شوکت ترین، اسماعیل قریشی اور طاہرچیمہ کی بریت بھی کالعدم قرار دی جائے۔
بیرسٹر رضوان احمد نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کو ترمیمی آرڈیننس کے تحت بری کیا گیا، بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ نیب نے 2013 میں نوڈیرو۔ ٹو ریفرنس دائر کیا تھا، ریفرنس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ راجا پرویز اشرف اور پیپکو عہدیداروں نے گڈو پاور پلانٹ سے مشینری کو نوڈیرو ٹو میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور انہوں نے قومی خزانے سے 75لاکھ روپے سامان کو نئی سائٹ پر منتقل ہونے سے قبل ہی پروسیسنگ فیس کے طور پر ادا کیے تھے۔