اسلام آباد: انسانی حقوق تنظیموں کے اتحاد نے نہتے کشمیریوں پربھارتی فوج کے مظالم سے متعلق رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والوں پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے والی بھارتی فوج کے مظالم دنیا کے سامنے آگئے، انسانی حقوق تنظیموں کے کولیشن آف سول سوسائیٹیز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی میں سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج موجود ہے۔
رپورٹ میں ایک ہزار اسی حراستی ہلاکتوں، ایک سو بہتر ہراستی گمشدگیوں، جنسی زیادتیوں اور جسمانی اذیتوں کے واقعات کو بنیاد بنایا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے دو سو سڑسٹھ سینئر افسران انسانیت سوزمظالم میں ملوث ہیں، ان میں ایک میجر جنرل ، سات بریگیڈیئر، اکتیس کرنل، چار لیفٹنٹ کرنل، ایک سوپندرہ میجراورچالیس کیپٹین شامل ہیں، دیگر نو سو بہتر اہلکاروں نے بھی بے گناہ کشمیریوں کونشانہ بنایا۔
رپورٹ میں ان فوجیوں پرسفری پابندیاں عائد کرنے اوراقوام متحدہ کی امن فوج کا حصہ نہ بنانے کا مطالبہ کیا گیا، مقبوضہ کشمیرمیں چھ ہزار گمنام قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی دہرایا گیا ہے، دوہزارآٹھ میں یورپی پارلیمنٹ نے قرارداد کے ذریعے قبروں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔