پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

کورنگی کازوے اور گڈاپ ندی میں ریسکیو آپریشن، ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کورنگی کازوے اور گڈاپ ندی میں ریسکیو آپریشن کیا گیا، کازوے میں پھنسے 2 افراد کو نکال لیا گیا جب کہ گڈاپ ندی میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی کاز وے میں پھنسے 2 افراد کو ریسکیو ٹیم نے نکال لیا، 23 سالہ ندیم اور 23 سالہ عدنان محمود آباد 6 نمبر کے رہائشی ہیں، ندی میں پھنسے افراد کو ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے کشتیوں کے ذریعے نکالا۔

ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کازوے پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے، پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کورنگی کازوے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ادھر گڈاپ ندی میں 3 افراد کے ڈوبنے کے واقعے کے بعد پاک بحریہ کی ٹیم نے لٹھ ڈیم کے مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شہریوں کے تحفظ کے لیے گڈاپ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، گڈاپ سٹی اور گلشن معمار پولیس نے اہل کار تعینات کر دیے۔

گڈاپ ندی میں پانی کے ریلے میں 3 افراد بہہ گئے تھے، تینوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پھسلنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔

ڈوبنے والوں میں باپ بیٹا غلام حسین اور لیاقت حسین شامل ہیں، جب کہ زندہ بچ جانے والے شہری کی شناخت رحیم الدین کے نام سے ہوئی ہے۔

کراچی میں بارش کی وجہ سے پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کی سڑک بھی زیر آب آ گئی ہے، پانی بس میں داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر پیپلز بس سروس آج کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔

پہلے روٹ کے لیے پیپلز بس سروس ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جاتی ہے، آخری بس کل شام 6 بجے ماڈل کالونی سے ٹاور کے لیے روانہ ہوئی تھی، ماڈل موڑ سے ماڈل کالونی ریلوے پھاٹک تک دونوں ٹریک زیر آب آ چکے ہیں، انتظامیہ پیپلز بس سروس کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کی صورت حال دیکھ کر سروس بحال کر دی جائے گی۔

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں