تازہ ترین

تحقیق: سائنوویک اور فائزر ویکسین کا موازنہ، اہم انکشاف

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی سنگین شدت اور موت سے بچانے میں سائنوویک لگ بھگ فائزر ویکسین جتنی مؤثر ہے۔

جنوبی امریکی ملک چلی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق شہریوں کو وبائی مرض کی سنگین شدت اور اموات سے بچانے میں سائنوویک تقریباً فائزر کی طرح کام کرتی ہے، یہ پہلا مشاہدہ ہے جس میں دونوں ویکسینز کا موازنہ کیا گیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ سائنوویک کوئی کم مؤثر ویکسین نہیں ہے۔

تجربے کے دوران پتا چلا کہ سائنوویک کی تیار کردہ کورونا ویک کی 2 خوراکیں استعمال کرنے والے افراد کو بیماری سے 66 فیصد تک تحفظ ملتا ہے جبکہ فائزر کی ویکسینیشن مکمل کرنے والے افراد کو وبا سے 93 فیصد حفاظت ملتی ہے۔ چلی میں بھی تقریباً 1 کروڑ کے قریب افراد سائنوویک ویکسین لگوا چکے ہیں۔

چلی میں فائزر کی ویکسینیشن کرانے والوں کی تعداد 5 لاکھ ہے۔ یہ تحقیق طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شایع ہوئی ہے۔ مریضوں کو اسپتال میں داخلے سے روک تھام اور اموات سے بچانے میں سائنوویک، فائزر جیسی ہے۔ خیال رہے یہ تحقیق فروری سے مئی 2021 کے درمیان کی گئی تھی جس کی ابتدائی رپورٹ پہلے شایع کی جاچکی ہے تاہم اب اسی ضمن میں مرحلہ وار دیگر رپورٹس آرہی ہیں۔

ابتدائی ڈیٹا میں کہا گیا تھا کہ کورونا ویک کے استعمال سے کووڈ کی علامات والی بیماری سے 67 فیصد تحفظ ملتا ہے جبکہ اموات کی شرح میں 80 فیصد کمی آتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے حتمی نتائج ابتدائی ڈیٹا سے مطابقت رکھتے ہیں اور اس ویکسین سے بیماری کی سنگین شدت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ سائنوویک کے استعمال سے بیماری کے شکار ہونے سے 65.9 فیصد، اسپتال میں داخلے کے خطرے سے 87.8 اور آئی سی یو میں داخلے کے خطرے سے 90.3 فیصد کی کمی آئی۔

اس ویکسین سے 86.3 فیصد اموات سے بھی تحفظ ملتا ہے۔ اس کے مقابلے میں فائزر ویکسین بیماری سے بچانے میں 92.6 فیصد تک مؤثر ہے جبکہ اسپتال میں داخلے، آئی سی میں داخلے اور اموات سے تحفظ کے لیے اس کی افادیت بالترتیب 95.1 فیصد، 96.2 فیصد اور 91 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -