اسلام آباد: پاکستان نے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں 5 فروری کو یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں 5 فروری کو یوم کشمیر امریکا منانے کی قرارداد منظور کی گئی ہے، پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا قرارداد یوم یک جہتئ کشمیر کے موقع پر منظور کی گئی جو خوش آئند ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری، بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد کو تقویت دیتی اور حوصلے کو سراہتی ہے، اور کشمیریوں کی منفرد ثقافت، مذہبی شناخت کو تسلیم کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا یہ قرارداد انسانی حقوق، مذہبی حقوق اور نقل و حرکت کی آزادیوں کی عکاس ہے، قرارداد کشمیریوں کے حقیقی جذبات اور حق خود ارادیت کی بھی عکاس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے تحت حق استصواب کی ضمانت دی گئی ہے، اور یہ قرارداد اس کا ثبوت ہے کہ بھارت کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیاں چھپا نہیں سکتا۔
ترجمان نے کہا نیویارک اسٹیٹ اسمبلی میں اس قرارداد کی منظوری میں رکن اسمبلی نادر سیگاہ کا کردار قابل قدر ہے، قرارداد ک منظوری میں امریکی پاکستان اڈوکیسی گروپ کا کردار بھی سراہتے ہیں۔