(9 نومبر 2025): آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے اسرائیل کی فٹبال ٹیم پر پابندی لگانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے۔
صہیونی ریاست اسرائیل کے غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر بہیمانہ ظلم کے خلاف دنیا میں ہر طبقہ آواز اٹھا رہا ہے۔ کھیل کے میدان سے بھی غاصب اسرائیل کے خلاف آواز مسلسل اٹھائی جا رہی ہے اور اب اسرائیلی ٹیم پر پابندی کی قرارداد بھی منظور کر لی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن نے اسرائیل کی فٹبال ٹیم پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے۔
آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کی اس قرارداد کے حق میں 74 جب کہ مخالفت میں صرف 7 ووٹ ڈالے گئے۔ قرارداد کی منظوری کے بعد عالمی فٹبال تنظیم فیفا سے اسرائیلی فٹبال ٹیم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے آئرلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے فیفا کی 2 شقوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، فیفا کی نسلی تعصب برتنے سے متعلق پالیسی کی اسرائیل واضح خلاف ورزی کرتا رہا ہے۔ اسرائیلی کلبوں نے فلسطین فٹ بال ایسوسی ایشن کی اجازت کے بغیر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فٹبال کھیلی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکیہ اور ناروے کے فٹبال حکام بھی فٹبال کی عالمی تنظیم سے اسرائیل کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کرنے کے مطالبات کر چکے ہیں۔


