کراچی : ہیٹ ویو میں لوڈشیڈنگ پر سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی معاذ محبوب کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران کراچی میں لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ کراچی، خصوصاً پی ایس 127 میں 12 سے 16 گھنٹے تک جاری رہنے والی لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کے الیکٹرک نے سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کی ہدایات کو نظر انداز کرکے ایوان کا استحقاق مجروح کیا ہے۔
قرارداد میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران ہونے والی اموات کے مقدمات کے الیکٹرک حکام کے خلاف درج کیے جائیں اور کمپنی کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق مکمل اور تحریری رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ عوام کو درپیش مشکلات اور لوڈشیڈنگ کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کو صورتحال کے بارے میں واضح معلومات فراہم کی جا سکیں۔


