کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) میں ری اسٹرکچرنگ کا آغاز کرتے ہوئے ماہر اور کوالیفائیڈ ملازمین کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی کارکردگی اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات میں ری اسٹرکچرنگ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کے تحت ایئرلائن کے اہم آپریٹو شعبوں میں اصلاحات اور ماہرین کی تعیناتی کی جا رہی ہے۔
سپلائی چین، سیفٹی، فلائٹ آپریشنز اور برانڈ مینجمنٹ سمیت تمام بنیادی شعبہ جات میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، شعبہ جات میں بہترین اور کوالیفائیڈ ملازمین کو میرٹ پر برقرار رکھنے اور نئی ذمہ داریاں دینے کے لیے انٹرویوز کیے جا رہے ہیں۔
برانڈ مینجمنٹ کے کراچی میں تعینات ملازمین کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ برانڈ شعبے کے ڈیلی ویجز (روزمدار) ملازمین کو فلائٹ آپریشنز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کی نجکاری کا عمل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا
پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کی تعیناتی کے لیے تجارتی ایوی ایشن کا وسیع تجربہ رکھنے والے ماہرین کے انٹرویوز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ری اسٹرکچرنگ کا بنیادی مقصد ایئرلائن کی سروسز اور فلائٹ آپریشنز کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے تاکہ ادارے کو مالی و انتظامی بحران سے نکالا جا سکے۔


