دنیا بھر میں اکثر ٹریفک حادثات تیز رفتار گاڑیوں کی وجہ سے ہوتے ہیں اور تیز رفتاری کے خطرات جاننے کے باوجود ڈرائیورز تیز گاڑی چلانا پسند کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایک تیز رفتار اور ایک کم رفتار گاڑی کو کوئی حادثہ ہو تو دونوں کے الگ اثرات مرتب ہوں گے، اس بات کا ثبوت ایک ویڈیو سے بھی ملتا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
ایک بھارتی شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ مختلف رفتار پر کوئی گاڑی اگر کسی چیز جیسے کسی پلر سے ٹکراتی ہے تو اس پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔
ویڈیو کی شروعات میں گاڑی کو 30 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس کے پلر سے ٹکرانے پر گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچتا ہے۔
اس کے بعد گاڑی کی رفتار اور تصادم کے بعد پہنچنے والے نقصان میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔
Speed Kills. See the Impact. pic.twitter.com/rAE0NiyWKQ
— Awanish Sharan (@AwanishSharan) February 23, 2023
دراصل ویڈیو کا مقصد آگاہی پھیلانا ہے کہ کم رفتار پر گاڑی چلائی جائے تو کسی حادثے کی صورت میں اندر موجود افراد کی جانیں بچ سکتی ہیں، لیکن گاڑی کی رفتار جتنی زیادہ ہوگی اندر بیٹھے افراد کو بھی اتنا ہی خطرہ ہے۔
تیز رفتار گاڑی کو ہونے والا معمولی سا حادثہ بھی کئی افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں گاڑی تصادم میں بالکل تباہ ہوجاتی ہے۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے، ایک شخص نے کہا کہ گاڑی کی صحیح رفتار وہی ہے جس میں آپ گاڑی کو کنٹرول کر سکیں۔