تہران : پاسداران انقلاب نے ’’آپریشن نصر‘‘کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیلی فضائی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال انتہائی ہولناک رخ اختیار کر گئی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کے خلاف باقاعدہ فوجی مہم ’’آپریشن نصر‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ کے دو اہم ترین اور اسٹریٹجک اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب نے پیر کی صبح ایک بڑے حملے کے ساتھ اس ملٹری آپریشن کا آغاز کیا۔ اس آپریشن کا خفیہ کوڈ ورڈ ’’یا حیدر کرار‘‘ رکھا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایرانی ریڈار سائٹس پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی میزائل حملوں کا براہِ راست اور منہ توڑ جواب ہے۔
اس حملے میں اسرائیل کے دو انتہائی حساس اور دفاعی لحاظ سے اہم ترین اسٹریٹجک فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں نیواتیم ایئربیس اور ٹیل نوف ایئربیس شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا پاسدارانِ انقلاب کے تمام یونٹس اس وقت ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی بڑی اور وسیع پیمانے پر جوابی کارروائی کے لیے مکمل تیار ہیں۔
ایرانی عسکری حکام نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ممکنہ ردعمل یا کسی بھی قسم کے اگلے اقدام سے نمٹنے کے لیے مزید تباہ کن کارروائیوں کے منصوبے پہلے سے تیار کر لیے گئے ہیں۔


