تہران : امریکی صدر کے جنگ کے خاتمے سے متعلق بیان پر پاسداران انقلاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا جنگ کا خاتمہ ٹرمپ نہیں، ایران کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے خاتمے سے متعلق حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس جنگ کے انجام کا فیصلہ ایران کرے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
ایرانی عسکری حکام نے پریس کانفرنس اور اعلامیہ کے ذریعے واضح کیا کہ "جنگ امریکہ اور اسرائیل نے شروع کی تھی، لیکن اس کا خاتمہ کب اور کیسے ہوگا، اس کا تعین صرف ایران کرے گا۔”
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں موجود تمام امریکی فوجی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اب امریکہ اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ شرائط طے کر سکے۔
ایرانی حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی خود مختاری کے دفاع کے لیے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
یاد رہے صدر ٹرمپ نے ایران کی عسکری طاقت کو ختم کرنے اور آپریشن ‘ایپک فیوری’ کے ذریعے جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے اس سخت موقف کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
عسکری ماہرین کا ماننا ہے کہ ایران کا یہ ردعمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے یکطرفہ امریکی فیصلے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


