(20 مئی 2026): بولی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے سوشل میڈیا کی دنیا سے وقفہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی وجہ بھی بتا دی۔
ریا چکرورتی کے مطابق سوشل میڈیا کی دنیا کے مسلسل شور و غل نے ان کی ذہنی سکون اور صحت کو متاثر کرنا شروع کر دیا تھا۔
بولی وڈ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آن لائن زندگی کے دباؤ سے دور ہونا چاہتی ہیں تاکہ حقیقی زندگی کے تجربات کے ذریعے اپنے آپ سے دوبارہ جڑ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریا چکرورتی کا جیل میں گزارے وقت سے متعلق انکشاف
انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کی گئی پوسٹ میں ریا چکرورتی نے لکھا کہ آج کل میں خود کو تھوڑا کھویا ہوا محسوس کر رہی ہوں، مسلسل شور، اسکرولنگ اور ہر چیز سے باخبر رہنے کی دوڑ، یہ سب اب میری امیدوں سے زیادہ بوجھل لگنے لگا ہے۔
’اس لیے میں کچھ وقت کیلیے سوشل میڈیا سے پیچھے ہٹ رہی ہوں تاکہ زندگی کی رفتار کو دھیما کر سکوں، گہرے سانس لے سکوں اور اس چیز سے دوبارہ جڑ سکوں جو حقیقی ہے۔ فی الحال میں انٹرنیٹ پر پوسٹ کرنے کے بجائے حقیقی لمحات کو جینے کو ترجیح دے رہی ہوں۔‘
ریا چکرورتی سال 2020 میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد شدید میڈیا ٹرائل کا سامنا کرنے کے بعد اب آہستہ آہستہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو دوبارہ پٹری پر لا رہی ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں بولی وڈ اداکارہ نے خود کو لائم لائٹ سے دور رکھا ہے اور وہ صرف چند مخصوص تقریبات یا پروجیکٹس کے ذریعے ہی عوامی زندگی میں نظر آئی ہیں۔
پیشہ ورانہ محاذ پر ریا چکرورتی اب اداکاری کی دنیا میں واپسی کیلیے تیار ہیں۔ انہیں فلمساز ہنسل مہتا کی نیٹ فلکس پر آنے والی ڈراما سیریز ’فیملی بزنس‘ میں کاسٹ کیا گیا ہے۔ سیریز میں ان کے ساتھ انیل کپور، وجے ورما، نیہا دھوپیا اور دھرو سہگل بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


