کراچی : چاول کی بر آمدات میں نو ماہ میں مجموعی طور پر 29%اضافہ ہوا ہے، بھارت کے چاول میں زرعی ادویات کی زائد مقدار کی وجہ سے یورپی ممالک نے اس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے سینیئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے کہا ہے کہ موجودہ مالی سا ل جولائی تا مارچ میں َ ایک ارب 41کروڑ ڈالر کا29لاکھ53ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ایک ارب 9کروڑ کا 25 لاکھ36ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا تھا۔
رواں سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 16فیصد اور مالیت کے حساب سے 29فیصد اضافہ ہوا ہے، رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ زرعی ادویات کی زائد مقدار کی وجہ سے یورپی ممالک نے بھارتی چاول پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے باعث یورپی ممالک کو پاکستانی براؤن چاول کی بر آمدات میں اضافہ ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران باسمتی چاول کی بہت بڑی مارکیٹ ہے کچھ سال سے پاکستانی چاول کی ایران کو برآمد کم ہوکرایک لاکھ ٹن تک رہ گئی ہے، اس کی بڑی وجہ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل کی عدم دستیابی تھی۔
ایران رائس ایکسپورٹرز کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور امید ہے کہ ایران کو چاول کی برآمدات میں اضافہ ہو جائے گا۔
رفیق سلیمان کے مطابق کینیا کو رواں مالی سال کے9مہینوں میں بارہ کروڑ ڈالر کا 3 لاکھ42 ہزار ٹن اور چین کو دو کروڑ ڈالر کا 2لاکھ 70ہزار ٹن چاول بر آمد ہوچکاہے۔
مزید پڑھیں: چاولوں کی ایکسپورٹ کے پیچھے چھپی بھارتی سازش
رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں انڈونیشیا کے حکومتی ادارے کو چاول کی برآمد سے2کروڑ 26لاکھ ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ موصول ہوگا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔