جمعہ, دسمبر 5, 2025
اشتہار

سندھ کا وفاق سے گندم کی طرح چاول کی امدادی قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (13 نومبر 2025): صوبہ سندھ نے وفاق سے گندم کی طرح چاول کی امدادی قیمت مقرر کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ نے وفاق سے گندم کی طرح دھان (چاول) کی بھی قیمت مقرر کرنے کے لیے مکینزم تیار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، سندھ حکومت نے آئندہ کسانوں کو تمام زرعی سبسڈی بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ چاول کے کاشت کاروں کی مشکلات سے سندھ حکومت بہ خوبی آگاہ ہے لیکن دھان کی امدادی قیمت مقرر کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے، وفاق فوری طور پر چاول کی امدادی قیمت مقرر کرنے کا اعلان کرے، تاکہ سندھ کے کاشت کاروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔

انھوں نے بتایا کہ چاول کے کاشت کاروں کی شکایات کےازالے اور ان سے رابطہ رکھنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، ان کمیٹیون کے سربراہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مارکیٹ کمیٹیوں کے سیکریٹریز ہوں گے، یہ کمیٹیاں آڑھتیوں کے خلاف کارروائی کر کے ہفتہ وار رپورٹ سیکریٹری زراعت کے دفتر میں جمع کروائیں گی۔

عوام سے سب سے زیادہ سیلز ٹیکس بجلی پر وصول کیا گیا یا پٹرول پر؟

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ گندم کے کاشت کاروں کی طرح چاول کے کاشتکاروں کو بھی سبسڈی فراہم کی جائے، تاکہ انھیں پیداواری اخراجات میں کمی اور بہتر منافع حاصل ہو سکے۔

صوبائی وزیر کے مطابق اب تمام زرعی سبسڈی کسانوں کو ہاری کارڈ کے ذریعے ملے گی، جس کے لیے سندھ حکومت نیا شفاف نظام تیار کر رہی ہے، وزیرِ زراعت نے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ دھان کی قیمتوں سے غیر قانونی کٹوتی سے متعلق کسانوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے، اور افسران ضلعی سطح پر کسانوں اور آڑھتیوں کے درمیان تنازعات حل کروائیں۔

انھوں نے کہا صوبائی حکومتیں، وفاق اور آئی ایم ایف کے فیصلوں کے پیشِ نظر کسی بھی فصل کی قیمت خود مقرر نہیں کر سکتیں، اس لیے وفاق صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر زراعت کے لیے طویل المدتی اور پائیدار حکمتِ عملی تیار کرے۔

+ posts

انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں