اسلام آباد : رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستانی شاہینز کی شاندار فتح پر وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی شخصیات نے کھلاڑیوں اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی شاہینز کی شاندارکارکردگی پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کمال مہارت سے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، کوچز اور بورڈحکام بھی اس فتح پرلائق تحسین ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنےکھلاڑیوں پر فخر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔
وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ جیتنے پر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاہینز نے حقیقت میں شاہینز کی طرح ٹورنامنٹ کھیلا اور تیسری بار چیمپئن بنے۔
پاکستان شاہینز نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا، پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی کارکردگی متاثرکن رہی، تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آج کی فتح پاکستان کرکٹ کے روشن و شاندار مستقبل کی نوید ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ جیت لیا
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں اس شاندار فتح پر پاکستانی شاہینز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جس طرح شاہینوں نے بنگلا دیش کو ڈھیر کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا، اس کارکردگی سے پاکستان کرکٹ کی خوبصورتی نمایاں انداز میں جھلک رہی ہے۔


