سعودی عرب میں وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ نسک ایپ سے داخلے کے طریقہ کار کو منظم کرنے سے تین برسوں کے دوران مسجد نبویؐ میں ریاض الجنہ کی زیارت کیلیے پرمٹ کی یومیہ تعداد 7 ہزار سے بڑھ کر 54 ہزار ہو گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیرحج نے بتایا کہ وزارت نے حج وعمرہ کے شعبے میں خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے دوسرے مرحلے پرکام شروع کردیا ہے۔ دنیا بھر سے آنے والے زائرین وعازمین کی بہتر خدمات کیلیے’نسک‘ پورٹل کی سروسز کو بہتر بنایا گیا ہے۔
وزارت حج کے مطابق عالمی سطح پر سرکاری اور نجی شعبے میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مملکت کا شمار بہترین ممالک میں ہوتا ہے۔
وزارت نے حج وعمرہ کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر کیا ہے جس سے زائرین کو سہولت میسرآرہی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تبدیلی ترقی اور ایجاد کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے، وزارت کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلیے جدید ٹیکنالوجیز کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔
سعودی عرب، عمرہ زائرین کے لئے بڑی خوشخبری
انہوں نے سعودی عرب میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑی کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’یہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بہترین مثال ہے، اب تک ایک ہزار افراد اس سروس سے فائدہ اُٹھا چکے ہیں۔
وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے کہا کہ مملکت میں کان کنی کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے کان کنی کے میدان میں سہولت ہی نہیں ہوئی بلکہ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔


