واشنگٹن : امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اب امریکا سے امداد نہیں بلکہ تجارت اور معاشی تعاون چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا پاک امریکا تعلقات اب مثبت اور عملی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی سمت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس میں پیش کی جانے والی پاکستان مخالف قراردادوں کی کوئی سفارتی حیثیت نہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا خوش آئند تعلقات کی بڑی وجہ سول اور ملٹری قیادت کے درمیان مسلسل رابطے اور ملاقاتیں ہیں، جنہوں نے دوطرفہ اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگی تنازعے کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوا ہے۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون پر آمادہ ہے، پاکستان اب امریکا سے امداد نہیں بلکہ تجارت اور معاشی تعاون چاہتا ہے۔
سفیر پاکستان نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے معدنی ذخائر کے شعبے میں امریکا نے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ماضی میں سیاسی مشکلات کے باعث اس شعبے پر مؤثر کام نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات ہیں، جن کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سمیت اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو جاری ہے اور پاکستان کو جدید امریکی اسلحے کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوچکی ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے معاملات جارحیت کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، اور پاکستان اسی اصول پر عمل پیرا ہے۔
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں


