گوجرانوالہ: نوشہرہ ورکاں میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 3 نوجوان جاں بحق اور خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ ورکاں میں سڑک کنارے کھڑے ایک خراب ٹرک کے باعث ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار 4 موٹرسائیکلیں یکے بعد دیگرے ٹرک سے جا ٹکرائیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 3 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 7 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ لرزہ خیز حادثہ اس وقت پیش آیا جب اندھیرے یا لاپرواہی کے باعث سڑک پر کھڑا خراب ٹرک موٹرسائیکل سواروں کو دکھائی نہ دیا اور 4 موٹرسائیکلیں اس کی زد میں آ گئیں۔
حادثے میں زندگی کی بازی ہارنے والے تینوں نوجوان آپس میں دوست اور گوجرانوالہ کے علاقے چھچھر والی کے رہائشی تھے، جن کی شناخت 22 سالہ علی ، 24 سالہ فیصل اور 26 سالہ حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے،
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 7 افراد میں خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد دیتے ہوئے لاشوں سمیت ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے خراب ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی مزید قانونی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


