لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 841 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی 841 ٹریفک حادثات میں سے لاہور میں سب سے زیادہ 213 رپورٹ ہوئے جبکہ فیصل آباد میں 85، ملتان میں 56 ٹریفک حادثات ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران14 افراد جاں بحق جبکہ 922 زخمی ہوئے، جن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد جبکہ متاثرین میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں 740 مرد اور 182 خواتین زخمی ہوئیں۔
مزید پڑھیں: کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق
دوسری جانب 21 جنوری کو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کے قریب ہونے والے ٹرک اور مسافر کوچ کے تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی، زخمیوں کو کراچی کے سول اسپتال کے برن وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب 21 جنوری کو اندوہناک ٹریفک حادثہ اُس وقت پیش آیا تھا جب مسافر بس اور ٹرک کے مابین تصادم ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سانگھڑ: کنڈیاری میں گھر میں آگ لگنے سے 3 کم سن بچیاں جھلس کر جاں بحق
مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 26 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حادثے کے بعد کوچ میں خوفناک آگ لگ گئی تھی۔