اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا افتتاح پانچ جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کریں گے جبکہ پہلی حج پرواز اسی روز عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان پانچ جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کا افتتاح کریں گے، پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پانچ جولائی کو اسلام آباد سے عازمین کو لیکر حجاج مقدس روانہ ہوگی۔
عازمین حج کو الوداع کرنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں سکھر سے وفاقی وزیر میاں محمد سومرو ، رحیم یار خان سے وفاقی وزیر خسرو بختیار اور ملتان سے وفاقی وزیر شاہ محمود عازمین حج کو الودع کر یں گے۔
روڈ ٹو مکہ منصوبے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر دس سے زائد کاؤنٹرز اور سسٹم قائم کردیئے گئے ہیں، سعودی امیگریشن کے51افراد پر مشتمل عملہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر قائم خصوصی کاؤنٹرز کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی امیگریشن کا عملہ کل سے امیگریشن سے متعلق سسٹم پر مشق کرے گا، پاکستان میں پہلی بار عازمین کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی پری کلیئرنس کے ساتھ ساتھ ان کی امیگریشن کی جائے گی، سعودی عرب پہنچنے پر عازمین کو امیگریشن کرانے کی ضررت نہیں پڑے گی۔
روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاک سعودی تعلقات اور وزیراعظم کی خواہش پر قائم کیا گیا ہے، رواں سال تیرہ ہزار سے زائد عازمین پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے حجاج مقدس روانہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا
اس کے علاوہ دیگر ایئرلائنز کے ذریعے جانے والے مسافروں کی امیگریشن بھی روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت ہوگی، بعد ازاں دیگر ایئرپورٹس پر بھی روڈ ٹو مکہ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز نے روڈ ٹو مکہ منصو بے کے حوالے سے 30 مارچ کو سب سے پہلے خبر نشر کی تھی۔