لاہور / کراچی : سی آئی اے پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے مختلف وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے 6 ملزمان گرفتار کرلئے، ملزمان میں 4خواتین بھی شامل ہیں۔اسٹیل ٹاؤن کراچی کے علاقے میں شہریوں نے2مبینہ ڈاکو پکڑ لئے۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس صدر ڈویژن لاہور نے نقب زنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں چار ڈاکو حسینائیں بھی شامل ہیں۔
گرفتارملزمان میں نازیہ، شبانہ، لاڈی بی بی عرف شازیہ ، پٹھانی بی بی اور ان کے ساتھی وحید اور شاہد شامل ہیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے18 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات نقدی اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
لیڈیز گینگ کی ممبران پوش علاقوں میں گھریلو ملازمائیں بن کر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چوری کی وارداتیں کرکے فرار ہوجاتی تھیں۔
ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں چوری اور نقب زنی کی 15مزید وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں شہریوں نے دو مبینہ ڈاکو پکڑ لئے، شہریوں نے ڈاکوؤں پرتشدد کرکے انہیں پولیس کےحوالے کردیا۔
گلشن حدید فیز دو میں ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں ڈاکوؤں کو حراست میں لے لیا، موٹرسائیکل گرنے اور شہریوں کے تشدد سے دو ڈاکو زخمی ہوگئے، ڈاکوؤں کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔