کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر باپ کو بچوں کے سامنے بےدردی سے گولیاں مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق یہ دردناک واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ،ایم ایم کالونی میں رحمت چوک کے قریب پیش آیا جس میں فائرنگ سے زخمی شخص نے موقع پر ہی جان دے دی۔
مقتول کی شناخت 25 سالہ سجاد کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان نے مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ کو قتل کیا، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔
مقتول سجاد دو بچوں کا باپ اور فیصل آباد کا رہائشی تھا جو چند روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید شلوار قمیض اور پی کیپ پہنے ایک مسلح ملزم چلتی موٹر سائیکل سے اتر کر سجاد کے قریب آتا ہے۔ سجاد نے خطرہ بھانپتے ہوئے معمولی مزاحمت کی، مگر ملزم نے انتہائی قریب سے گولی چلا دی۔
گولی لگتے ہی سجاد اپنے گھر کی دہلیز پر گر پڑا، جب کہ بچہ یہ منظر دیکھتے ہی خوفزدہ ہو کر گھر کے اندر بھاگ گیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے سجاد سے واردات کرنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کرکے اس کے سینے پر گولیاں ماریں جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


