کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان نو تولے سونا اور 20 ہزار روپے و دیگر قیمتی اشیا لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک انیس میں گھر میں چوری کی واردات ہوئی، واردات میں ملزمان نو تولے سونا اور 20 ہزار روپے و دیگر قیمتی اشیا لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ واردات اس وقت کی گئی جب گھر والے پکنک پر گئے ہوئے تھے جبکہ علاقے میں بجلی کی بندش کےباعث سی سی ٹی وی کیمروں میں کچھ ریکارڈ نہیں ہوسکا۔
ایس ایچ او شارع فیصل کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
انوسٹی گیشن پولیس نے مزید کہا کہ فنگر پرنٹس لینا تفتیشی افسر کا کام ہے، فنگر پرنٹس و دیگر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد تحقیقات کریں گے۔