سیالکوٹ (یکم فروری 2026): شادی ہال میں پکڑے جانے والے 12 سالہ بچے کو چھڑانے کے لیے ڈاکوؤں نے بارتیوں پر فائرنگ کرکے تین کو زخمی کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکوؤں نے اب ڈکیتی کی وارداتوں میں کمسن بچوں کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے اور وہ بچوں کو شادی ہال میں داخل کرا کے ڈکیتیاں کراتے ہیں۔
ایسی ہی ایک واردات سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کی حدود میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے ایک بارہ سالہ بچے کو ڈکیتی کے لیے شادی ہال میں بھیجا اور خود باہر اس کا انتظار کرتے رہے۔
تاہم جب بچہ ایک خاتون کا پرس چھین کر باہر بھاگا تو مہمانوں نے اس کو پکڑ لیا۔ یہ منظر دیکھتے ہی باہر موجود باراتیوں نے شادی ہال پر دھاوا بول دیا۔
ڈاکوؤں نے ساتھی بچے کو چھڑانے کی کوشش کی اور ناکامی پر باراتیوں پر گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ ڈاکو اپنے کم عمر ساتھی کو چھڑانے کے بعد فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


