تازہ ترین

ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ (ویڈیوز)

کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال، بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب ملزمان کے ایک گروپ نے ایک اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کر لے جانے کی واردات کی تھی، اگرچہ ایک شہری کی بروقت کال نے انھیں کام یاب نہیں ہونے دیا، تاہم لوگ ان کی اس ‘فلمی واردات’ پر حیران رہ گئے ہیں۔

ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ اسے سی سی ٹی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے، ایک ملزم جب اے ٹی ایم میں گھسا تو اس نے سب سے پہلے سرویلنس کیمرے کو ناکارہ بنایا، تاہم باہر موجود کیمروں میں ان کی واردات ریکارڈ ہو گئی۔

نجی بینک حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اے ٹی ایم میں گزشتہ روز 55 لاکھ روپے کیش ڈالا گیا تھا، صبح تک اے ٹی ایم سے 15 لاکھ کے قریب نکالے جا چکے تھے، تاہم واردات کے وقت بھی اس میں 40 لاکھ روپے موجود تھے، مشین کو لوہے کی وائر اور گاڑی کے ذریعے اکھاڑا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایکشن فلموں سے متاثر تھے، واردات میں جو منی ٹرک استعمال کیا گیا تھا، وہ مبینہ طور پر آج صبح چوری ہوا تھا، اور ملزمان اس شہ زور گاڑی پر مکمل انتظامات کے ساتھ آئے تھے، مشین اکھاڑنے کے لیے لوہے کی مضبوط تار کو اے ٹی ایم مشین میں پھنسایا گیا، اور پھر ٹرک چلا کر اے ٹی ایم مشین کو جڑ سے اکھاڑا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ایک شہری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مددگار 15 پر اطلاع دی تو 2 منٹ کے اندر عملے نے رسپانس کیا اور موقع واردات پر پہنچ گئے، ملزمان بیک اپ پر موٹر سائیکل بھی لائے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی وہ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، اس وقت ملزمان اے ٹی ایم مشین کو شہ زور ٹرک پر لوڈ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال شہزو رٹرک چوری کا تھا، جس کی چوری کا مقدمہ تھانہ سرسید میں اس کے مالک یاسر کی مدعیت میں درج ہے، شہری یاسر نے 8 فروری کی رات ٹرک دکان کے قریب کھڑا کیا تھا، صبح 6 بجے دیکھا تو ٹرک غائب تھا، جس پر انھوں نے 15 پر اطلاع بھی دی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ممکنہ طور پر اے ٹی ایم چوری کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی، اور چوری کے لیے شہزور ٹرک کی بھی ریکی کی ہوگی، ملزمان نے واردات کے وقت ٹرک اس طرح کھڑا کیا کہ راستہ بلاک ہو گیا، لیکن ایک گاڑی ٹرک کے پاس آ کر رُکی تو ملزمان کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کا چہرا کچھ واضح ہے، فوٹیج نادرا کو بھیج کر ملزم کی شناخت کرائی جائے گی۔

Comments

- Advertisement -