تازہ ترین

کم عمر لڑکوں کی سنسنی خیز واردات، لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا (ویڈیو)

کراچی: شہر قائد میں کم عمر لڑکوں کی ایک سنسنی خیز واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس نے محکمہ پولیس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع کورنگی میں زمان ٹاؤن کی حدود گلشن سکندر میں کم عمر لڑکوں نے ایک گلی میں موجود افراد کو دیدہ دلیری کے ساتھ نہ صرف لوٹا، بلکہ بے خوفی کے ساتھ شدید فائرنگ بھی کی، اور ایک بچے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوٹ مار کے دوران ایک لٹیرا عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہا، ایک موقع پر لٹیرا گلی میں پڑے سیمنٹ کے بڑے بلاک پر کھیل کود کی طرح اچھل کر کھڑا ہو گیا۔

فوٹیج میں لٹیرے کو مبینہ طور پر نشے میں دھت لڑکھڑاتے اور پستول لہراتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر 2 کم عمر لڑکے گلی میں آ کر کھڑے ہو گئے، دونوں کے ہاتھوں میں پستول موجود تھے، کالے لباس میں موجود لٹیرا لڑکھڑاتا دکھائی دیتا ہے، وہ لوٹ مار کے دوران عجیب و غریب حرکتیں بھی کرتا رہا، اس دوران دونوں نے گلی میں موجود تمام افراد سے موبائل فون اور کیش چھینا۔

لوٹ مار کے دوران لڑکوں پر اوپر سے کوئی چیز پھینکی گئی تو ایک نے اوپر عمارت کی جانب گولیاں چلانا شروع کر دیں، بعد ازاں، موٹر سائیکل پر بیٹھ کر تیزی سے بھاگے تو گلی کا موڑ مڑتے ہی جلد بازی میں موٹر سائیکل اچانک الٹ گئی۔

اسی وقت پیچھے سے ایک بچے نے آ کر ان پر پتھر پھینکا، تو ایک لٹیرے نے بچے کے پیچھے بھاگ کر دوسری گلی میں اس پر بھی گولیاں چلا دیں، لیکن خوش قسمتی سے بچہ بچ گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر نشے میں دھت لٹیرا بھاگتے ہوئے اپنا جوتا بھی چھوڑ گیا۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ کورنگی میں شہری دن رات تسلسل سے لٹنے لگے ہیں، کورنگی کے رہائشی اس صورت حال سے سخت پریشان نظر آتے ہیں، اور ان کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ کورنگی پولیس کے افسران و اہل کار جرائم پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہیں، اس لیے اچھے افسران کو تعینات کیا جائے، جو صورت حال کنٹرول کر سکیں۔

Comments

- Advertisement -