نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر روبن اوتھاپا نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹر نے یہ اعلان اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیا، اپنے ٹوئٹ میں اوتھاپا کا کہنا تھا کہ ہر اچھے اور بُرے وقت میں سپورٹ کرنے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ آج اعزاز کے ساتھ میں نے بھارتی کرکٹ کی تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ایک دن سب کو ریٹائر ہونا ہے، اپنے ملک اور ریاست کرناٹک کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر رہا۔
وکٹ کیپر بیٹر نے بھارتی ٹیم کے لیے 46 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، تاہم وہ بھارت کی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے،کرکٹر نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 118 کے اسٹرائیک ریٹ سے 249 رنز بنائے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ان کے مجموعی رنز کی تعدادا 1183 ہے۔
It has been my greatest honour to represent my country and my state, Karnataka. However, all good things must come to an end, and with a grateful heart, I have decided to retire from all forms of Indian cricket.
Thank you all ❤️ pic.twitter.com/GvWrIx2NRs
— Robin Aiyuda Uthappa (@robbieuthappa) September 14, 2022
روبن اوتھاپا نے نو اپریل دو ہزار چھ میں گوہاٹی کے نہرو اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ایک روزہ بین الاقوامی کیریر کا آغاز کیا، ان کا آخری ایک روزہ میچ 2015 کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف تھا۔
اوتھاپا نے اپنے ٹی 20 کیریئر کا آغاز 2007 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کیا تھا جبکہ آخری ٹی 20 میچ 19 جولائی 2015 کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا اس کے علاوہ وہ 2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے۔