لندن: سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں روایتی حریف رافیل نڈال کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں جاری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں راجر فیڈرر نے روایتی حریف رافیل نڈال کو شکست دے کر فائنل میں جگی بنالی۔
گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور پہلا سیٹ راجر فیڈرر نے ٹائی بریک پر6-7 سے اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں رافیل نڈال نے شاندار واپسی کی اور سیٹ 1-6 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا
راجر فیڈرر نے تیسرا سیٹ 3-6 سے جیت کر ایک مرتبہ پھر میچ میں برتری حاصل کی۔ رافیل نڈال دوبارہ مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہے لیکن سوئس اسٹار نے 4-6 سے جیت کر سیمی فائنل اپنے نام کرلیا۔
واضح رہے کہ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر 12ویں مرتبہ ومبلڈن اوپن کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں ان کا مقابلہ 15 مرتبہ گرینڈ سلیم چیمپیئن بننے والے کھلاری نوواک جوکووچ سے ہوگا۔