ریاض(17 اگست 2026): دنیا کے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے منصوبوں کے حوالے سے لب کشائی کر دی۔
پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیا کے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ریٹائرمنٹ کے منصوبوں کے حوالے سے لب کشائی کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ رواں سیزن بطور فٹبالر ان کا ممکنہ طور پر آخری سیزن ہو گا، جس کے بعد وہ اپنے شاندار کیریئر کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔
41 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں اپنی ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد اپنے مستقبل کو خاندان کے گرد ترتیب دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’یہ شاید فٹبال میں میرا آخری سال ہو، اور میں ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتا ہوں۔‘
رونالڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے مستقبل کی مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور فٹبال سے کنارہ کشی کے بعد ان کے پاس خود کو مصروف رکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں۔
Cristiano Ronaldo, Georgina Rodríguez spill details of their intimate lounge wedding
انہوں نے کہا کہ وہ زیادہ تفریح، سفر، پیڈل کھیلنے اور دیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی حاصل کردہ کامیابیوں سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، کیونکہ یہ آخر کار 25 سال کی طویل قربانیوں پر مشتمل ایک سفر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 5 مرتبہ بیلن ڈی اور اور 5 مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے والے رونالڈو انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں بھی لیگ ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں اور وہ مینز انٹرنیشنل فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
پرتگال کے کپتان گزشتہ تقریباً چار سال سے سعودی پرو لیگ کی کلب ٹیم النصر کا حصہ ہیں، جہاں ان کے معاہدے کی مدت میں ابھی ایک سال باقی ہے۔
یاد رہے کہ جولائی میں جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا یہ ان کا آخری فیفا ورلڈ کپ ہو گا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان سے مشاورت کے بعد پرسکون ذہن کے ساتھ اس بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔


