میر پور آزاد کشمیر: آزاد کشمیر کے علاقے میر پور میں گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ مزید 2 بچے اور ان کے ماں باپ زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ میرپور کے علاقے مجاہد ٹاؤن بن خرماں میں پیش آیا جہاں ایک مکان کی چھت گر پڑی۔ حادثے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمر 3 سے 13 سال تک تھی۔ واقعے میں بچوں کے ماں باپ اور 2 مزید بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد اہل علاقہ نے جاں بحق بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں کے بعد چھت گرنے کے بھی بے شمار واقعات پیش آئے۔ شدید بارش اور برفباری سے اوتھل میں مکان کی چھت گرگئی جس سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور 7 بچے زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے یعقوب کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔