راولپنڈی : 1500 روپے کے پرائز بانڈز رکھنے والے افراد کے لئے قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سیونگز سینٹر (NSC) نے اعلان کیا ہے کہ 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی 17 نومبر 2025 کو راولپنڈی میں منعقد کی جائے گی، جس کا شہریوں کو بے چینی سے انتظار ہے۔
اس موقع پر ہزاروں امیدوار بڑی انعامی رقم جیتنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں اور جیتنے والے خوش نصیب افراد اپنی انعامی رقم اسٹیٹ بینک بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر، نامزد کمرشل بینکوں یا نیشنل سیونگز سینٹرز سے مقررہ فارم پر حاصل کر سکیں گے۔
انعامی رقم کی تفصیلات
پہلا انعام: 30 لاکھ روپے (1 انعام)
دوسرا انعام: 10 لاکھ روپے (3 انعامات)
تیسرا انعام: 18,500 روپے (1,696 انعامات)
ٹیکس کی کٹوتی
اسٹیٹ بینک کے مطابق انعامی رقم پر ٹیکس فائلرز سے 15 فیصد اور نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ یعنی ٹیکس فائلرز کو انعام کی رقم میں نسبتاً کم کٹوتی کا سامنا ہوگا۔
پچھلے قرعہ اندازی کے نتائج
اگست 2025 میں منعقدہ قرعہ اندازی میں 30 لاکھ روپے کا پہلا انعام بانڈ نمبر 790468 نے جیتا۔
دوسرے انعامات (10 لاکھ روپے فی کس) بانڈ نمبر 031085، 193673 اور 607650 کے نام رہے۔
مزید 1,696 افراد کو 18,500 روپے کے انعامات دیے گئے۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی عوام اب بھی انعامی بانڈز کو ایک محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، کیونکہ اس میں رقم محفوظ رہتی ہے اور بڑی انعامی رقم جیتنے کا موقع بھی میسر آتا ہے۔
نیشنل سیونگز کے تحت ہر تین ماہ بعد مختلف مالیت کے بانڈز کی قرعہ اندازی کی جاتی ہے جس میں ہزاروں افراد خوش نصیبی آزماتے ہیں


