ہفتہ, اپریل 11, 2026
اشتہار

چیئرمین سینیٹ کیلئے عوامی فنڈز سے 9 کروڑ کی لگژری گاڑی کی خریداری؟ وضاحتی بیان آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سینیٹ سیکرٹریٹ نے ‏پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کیلئے 9 کروڑ کی لگژری گاڑی کی خریداری سے متعلق وضاحت پیش کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے لیے مہنگی گاڑی کی خریداری کے معاملے پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے وضاحتی بیان جاری کر دیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے گاڑی کی خریداری سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا لگژری گاڑی کی خریداری مئی 2025 میں ایک شفاف عمل کے تحت شروع کیے گئے منصوبے کا حصہ تھی، جس کی ادائیگی گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے کی گئی تھی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں صرف چیئرمین سینیٹ ہی نہیں بلکہ ڈپٹی چیئرمین، قائدِ ایوان، قائدِ حزبِ اختلاف اور قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے لیے بھی گاڑیوں کی تبدیلی شامل تھی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے مزید کہا مئی 2025 میں بک کرائی گئی گاڑی کی ڈیلیوری اب مارچ 2026 میں موصول ہوئی ہے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ردِعمل دیتے ہوئے اسے عوامی ٹیکس پر عیاشی قرار دیا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر حکومت اور پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کے چیئرمین سینیٹ کے لیے 9 کروڑ کی گاڑی خریدی گئی جبکہ ن لیگ کی وزیر اعلیٰ کے لیے 11 ارب کا طیارہ لیا گیا، جس کے برعکس غریب عوام پر ‘پٹرول بم’ گرا دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے قربانی کا مطالبہ کرنے والے حکمران خود عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں