لاہور : پاکستان میں عید الفطر کے حوالے سے رویت ہلال ریسرچ کونسل کی پیشگوئی بھی سامنے آگئی، جس کے تحت پاکستانی ہفتے کے روز عید الفطر منائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل نے سال 2026ء کی عید الفطر کے حوالے سے اہم فلکیاتی ڈیٹا جاری کر دیا ہے، جس کے تحت رواں سال رمضان المبارک کے 30 روز مکمل ہونے اور عید الفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے وضاحت کی ہے کہ جمعرات 19 مارچ 2026ء کی شام شوال کا چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔
Karachi Sehri Time, Iftar Time Today- Ramadan 2026
انھوں نے بتایا کہ نیا چاند 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم غروبِ آفتاب کے وقت اس کی عمر 13 گھنٹے سے بھی کم ہوگی اور انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
چاند دیکھنے کے لیے سورج اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان کم از کم 40 منٹ کا فرق ہونا چاہیے، جبکہ اس روز یہ دورانیہ کراچی میں 26 منٹ اور پشاور میں 30 منٹ رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق مطلع بالکل صاف ہونے کے باوجود، چاند کی عمر اور افق پر موجودگی کا دورانیہ اتنا کم ہے کہ اسے آنکھ، طاقتور دوربین یا ٹیلی سکوپ سے دیکھنا سائنسی طور پر ناممکن ہے۔
فلکیاتی پیرامیٹرز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں یکم شوال 1447ھ کا آغاز 21 مارچ 2026ء سے ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ قوم ہفتے کے روز عید الفطر منائے گی۔


