کراچی : پی آئی اے نے جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر رش کے باعث 4 خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی ، پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق جدہ کے نارتھ ٹرمینل پر غیر معمولی رش اور پروازوں کی تاخیر کے باعث پی آئی اے نے 4خصوصی پروازوں کی اجازت لے لی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ہوٹل میں منتقل کردیا ہے ، مسافروں کو خصوصی کوسٹرز کےذریعے مدینہ منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خصوصی پروازوں سے400سے زائد مسافروں کو واپس لایا جائے گا ، پی آئی اے خصوصی پروازوں کیلئے ایئر بس 320طیارے استعمال کررہی ہے۔
یاد رہے سعودی عرب میں جدہ ائیرپورٹ پر مسافروں کے غیر معمولی رش کے باعث پی آئی اے کی تمام پروازوں کو حج ٹرمینل منتقل کر دیا گیا تھا۔
تمام پروازیں میں 4 سے 5 گھنٹے تاخیر مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا جبکہ سینکڑوں مسافروں نے دروازے بند ہونے کے باعث رات باہر گزاری۔
وفاقی وزیر سعد رفیق نے سی ای او پی آئی اے کو مسافروں کو سہولیات فراہمی کی ہدایات کر دی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ایجنٹس اور کال سینٹر کے ذریعے ٹرمینل منتقلی کی اطلاع کا کام شروع کردیا، شیڈول پروازوں کے مسافر اب حج ٹرمینل پر جائیں، شمالی ٹرمینل پر موجود مسافروں کو بسوں سے حج ٹرمینل لے جایا جائے گا۔