ماسکو (02 نومبر 2025): روس میں تمام فیکٹری ملازمین کی تنخواہ غلطی سے ایک ہی ملازم کو منتقل ہو گئی، جس کے بعد مالکان مصیبت میں گرفتار ہو گئے، اور ملازم سے رقم واپس لینے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
یہ واقعہ روس کے شہر خانٹے مانسیئسک میں پیش آیا، جہاں ایک فیکٹری ورکر نے سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث اپنے تمام 34 ساتھیوں کی تنخواہیں غلطی سے وصول کر لیں۔ کمپنی نے مجموعی طور پر 7 ملین روبل (تقریباً 87 ہزار امریکی ڈالر) اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے، جو دراصل سب ملازمین کی ادائیگی تھی۔
ابتدائی طور پر ملازم ولادیمیر ریچاگوف نے یہ رقم کسی بونس یا اضافی تنخواہ کے طور پر سمجھی، مگر جلد ہی کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ تکنیکی غلطی تھی اور رقم واپس کرنا ضروری ہے۔ ولادیمیر نے تاہم رقم واپس کرنے سے انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قانونی طور پر یہ رقم اب اس کی ملکیت ہے۔
کمپنی کے مطابق ولادیمیر نے بعد ازاں فون کالز بند کر دیں، ایک نئی کار خریدی اور اہلِ خانہ سمیت دوسرے شہر منتقل ہو گیا۔ عدالت نے کمپنی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اسے رقم واپس کرنے کا حکم دیا، لیکن اس نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔
کمپنی کے سی ای او کے مطابق یہ رقم کسی بونس کے طور پر نہیں دی گئی تھی بلکہ مکمل طور پر غلطی سے منتقل ہوئی، تاہم ولادیمیر اب بھی اسے اپنی جائز کمائی قرار دے رہا ہے۔ کمپنی نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے اور اس کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا گیا ہے۔
ولادیمیر نے انٹرنیٹ پر تحقیق کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ یہ رقم واپس نہیں کرے گا، اس کا کہنا تھا کہ میں نے انٹرنیٹ پر دیکھا کہ اگر یہ تکنیکی غلطی ہے تو یہ رقم واپس کرنا ضروری نہیں، اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ یہ رقم میری ہے۔


