شام کے معزول صدر بشار الاسد اور اُن کے خاندان کے افراد بحفاظت روس پہنچ گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ بشار الاسد اپنی فیملی سمیت ماسکو پہنچ چکے ہیں۔
روسی خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شام کے معزول صدراور اُن کے خاندان کو سیاسی پناہ دے دی گئی ہے۔
روسی حکام شامی اپوزیشن کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، جنہوں نے شام میں روسی اڈوں اور سفارت کاروں کی حفاظت کی ضمانت دی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے شام پر فضائی حملے تیز کردیئے ہیں، اسرائیلی فوج سن 1974ء کے معاہدے کے بعد پہلی بار بفرزون میں داخل ہوئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے شام میں درعا، سوید اور دمشق کے قریب میزائل سے اسلحے کے ذخائر کو ٹارگٹ کیا ہے۔
اسرائیلی فورسز نے اعلان کیا ہے کہ شام کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے، اسرائیل اور شام کے درمیان گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی کی فوج تعینات ہے۔