روسی فوج کی جانب سے یوکرین میں تباہ کن بمباری کے بعد یوکرین حکومت نے اپنے شہریوں کی صحت اور تندرستی کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں۔
اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران روسی فوج کی جانب سے متواتر مارے جانے والے بموں کے کیمیکل اثرات شہریوں کی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔
اس سلسلے میں یوکرین کے دیگر شہروں سمیت دارالحکومت کیف کے بعض علاقوں میں لوگوں کو تابکاری اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے آیوڈین کی گولیاں تقسیم کی گئیں۔
کیف شہر کی مقامی بلدیہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تابکاری اثرات کے ممکنہ اخراج کی صورت حال کے پیش نظر شہریوں کو دوا کے ساتھ ساتھ ان اثرات سے محفوظ رہنے کی ہدایات بھی دی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ روس نے رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر فوجی حملہ کیا تھا۔ اس دوران اب تک مجموعی طور پر 114 ہلاکتوں کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 یوکرینی فوجی اور 10 شہری روسی حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یوکرین نے روس کے 50 فوجیوں کو مارنے اور 6 جنگی طیارے و 4 ٹینکس تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ روس نے یوکرین پر تین جانب سے حملہ کیا ہے، کیف میں ایک یوکرینی جنگی طیارہ کے حادثہ کا شکار ہونے کی بھی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین میں اس وقت میزائلوں اور گولہ بارود سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت کئی علاقوں میں پہنچ چکی ہے اور یوکرین کی فوج بھی اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان کا مقابلہ کر رہی ہے۔