اسلام آباد: چین کے ایک بڑے گروپ نے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس سے لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار ملنے کی امید ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین چیو یافو کی قیادت میں روئیی گروپ کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ٹیکسٹائل شعبے میں سرمایہ کاری پر روئیی گروپ کی دلچسپی کو سراہا جبکہ چیو یافو نے شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تیز رفتار ترقیاتی کاموں کا تذکرہ بھی کیا۔
پاکستان اور چین کے درمیان ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا تجارت، سرمایہ کاری و نجکاری، ایس آئی ایف سی نمائندہ و دیگر شامل ہوں گے۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری بورڈ اور روئیی گروپ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بھی ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جو ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑا رہا، چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، روئیی گروپ کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، گروپ سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔
چیئرمین روئیی گروپ چیو یافو کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار نہیں بلکہ دوست کی حیثیت سے پاکستان آئے ہیں، امید ہے اس بار بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں یہی رفتار دیکھنے کو ملے گی، روئیی گروپ سندھ اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔
چیو یافو نے بتایا کہ چین کے 100 کے قریب بڑی ٹیکسٹائل ملز کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں 2 بلین ڈالرز جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 بلین ڈالرز کی برآمدات متوقع ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل پارکس سے 3 سے 5 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، ٹیکسٹائل پارکس کا سنگ بنیاد رواں سال کے آخر میں رکھا جائے گا جبکہ 3 سال میں مکمل ہوں گے، روئیی گروپ کراچی اور لاہور میں ایک ایک ہول سیل کموڈیٹی مراکز بھی قائم کرے گا۔