اسلام آباد : سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے،سارک کانفرنس میں خطے کے اہم معاملات پر بات ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری سارک ممالک کے وزرائے داخلہ کی کانفرنس کے آغاز پر وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے قیام امن کے لیے کوشاں ہے جس میں سارک ممالک کا تعاون بھی شامل ہے تاہم قیام امن کے لیے سارک ممالک کو مزید مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
اپنے خطاب کے آغاز میں انہوں نے تمام شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سارک کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، توقع ہے سارک کے فیصلوں سے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی لہر جنم لے گی اور سارک کانفرنس میں کیے گئے فیصلے رکن ممالک کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان نے سارک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں سارک پہلے سے زیادہ متحرک اور فعال ہے،چیلینجز کے باوجود سارک نے نمایاں پیشرفت کی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نوقازشریف نے کہا پاکستان توانائی کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور تونائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پاکستان خطے میں مربوط رابطوں اور باہمی تعاون کے لیے کوشاں ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور دہشت گردی اور بدعنوانی کے خلاف سارک ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔