شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل مرحوم والدہ کو یاد کرکے جذباتی ہوگئیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کہا کہ ماں کا رشتہ انتا خوبصورت رشتہ ہے کہ میں اس میں بحث کرہی نہیں سکی اور میں آج بھی ماں سے منسلک ہر رشتے کی بہت عزت کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ماں سے منسلک رشتے یہ میری ماں کے پیارے لوگ ہیں اسی وجہ سے میرا اپنی خالہ، ماموں کے ساتھ بے حد احترام کا رشتہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ میری ماں وہ واحد انسان تھیں جن کے سامنے میں نے اپنی خواہشیں، اپنے لاڈ، اپنی کمزوریاں دکھائیں لیکن ان کے جانے کے بعد میں نے ہمیشہ خود کو آگے رکھا۔
صبا فیصل نے والدہ سے متعلق ایک افسوسناک واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ والدہ کو چونکہ برین ٹیومر تھا تو وہ 9 ماہ بیڈ ریسٹ پر رہیں، اس دوران ان کی جسمانی حرکات بھی متاثر ہوئی تھیں، ایک روز جب میں انگلی ٹاول میں رکھ کر ان کے دانت صاف کررہی تھی تو انہوں نے اچانک سے منہ بند کرلیا اور پھر وہ منہ نہ کھول سکیں، اگرچہ وہ میری تکلیف دیکھتے ہوئے رو رہی تھیں لیکن انہیں دماغ منہ کھولنے کی اجازت نہیں دے رہا تھا، 15 منٹ تک میری انگلی ان کے منہ میں پھنسی اس کے بعد انہوں نے منہ کھولا تو میں انگلی نکال سکی‘۔
واضح رہے کہ صبا فیصل متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور مداح ان کی اداکاری کو بے حد سراہتے ہیں۔


