پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب

اشتہار

حیرت انگیز

کیرالہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں واقع جواہر لعل نہرو انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث سچن ٹندولکر پویلین کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق لیجنڈ بھارتی کرکٹر سچن ٹندولکر کی کئی یادگار اشیا بھی اسٹیڈیم سے غائب ہوگئی ہیں۔

اسٹیڈیم میں سچن ٹندولکر پویلین کا افتتاح 20 نومبر 2013 کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کیا تھا، ٹنڈولکر نے اس پویلین کو اپنی جرسی، دستخط شدہ بیٹ اور اپنی استعمال شدہ گیند تحفے میں دی تھی۔

تاہم جس شور شرابے کے ساتھ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مل کر سچن ٹنڈولکر پویلین قائم کیا تھا، اب اس کی حالت بے حد خراب ہے، حتیٰ کہ یادگار اشیا کا بھی کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری جایش جارج نے بھی اسٹیڈیم میں ٹنڈولکر پویلین کی بری حالت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ اس پویلین کی صورت حال تب سے تبدیل ہوئی ہے جب سے مقامی انڈین سپر لیگ کی ٹیم کوچی بلاسٹرز نے اسٹیڈیم کو اپنا ہوم وینیو بنا لیا ہے۔

واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر پویلین کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اقدام تھا، یہ پویلین 1 ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں سچن ٹنڈولکر کی متعدد تصاویر بھی ہیں جن میں ماسٹر بلے باز کے ساتھ سرڈان بریڈ مین اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کی تصاویر بھی شامل ہیں جب کہ پویلین میں سچن کے بچپن کی تصاویر بھی لگی ہوئی ہیں۔

2014 میں آئی ایس ایل کے آغاز کے بعد نہرو اسٹیڈیم نے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے، گراؤنڈ میں آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ 8 اکتوبر 2014 کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں